این سی او سی سے کورونا کے دوران شادی تقریبات بارے تفصیلی گائیڈ لائنز جاری  

02:20 PM, 8 Nov, 2020

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر عوام کو شادی کی تقریبات کے انعقاد کیلئے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ شادی تقریبات بارے گائیڈ لائنز کا نفاذ 20 نومبر سے مخصوص شہروں میں ہوگا۔ پنجاب کے 7، سندھ کے 2، بلوچستان 1 جبکہ خیبر پختونخوا کے ایک شہر میں شادی گائیڈ لائنز نافذ العمل ہونگی۔

ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، بہاولپور، فیصل آباد، کراچی، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، پشاور اور سوات شامل ہیں۔تقریب کا انعقاد اور جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہوگا۔

گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ شادی کی ان ڈور تقریب پر پابندی جبکہ آئوٹ ڈور کی اجازت ہوگی۔ مارکیز میں شادی کی تقریب کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی۔ شادی کی آئوٹ ڈور میں کنوپی ٹینٹ کا استعمال ممنوع ہوگا۔ آئوٹ ڈور شادی تقریب میں ایک ہزار مہمان شرکت کر سکیں گے۔ شادی تقریب میں شرکا کے مابین چھ فٹ کا فاصلہ ہوگا۔

این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شادی تقریب کا میزبان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا زمہ دار ہو گا۔ شادی تقریب کا دورانیہ دو گھنٹے ہے جو رات دس بجے تک ختم کرنا ہوگی۔ شادی کی تقریب کے ہر مہمان کیلئے ماسک پہننا لازم ہو گا۔ شادی میں شریک ہر مہمان کو ماسک، سینیٹائزر میزبان فراہم کرے گا۔ شادی تقریب میں کاغذ والا تولیہ، جراثیم کش ادویات کا استعمال ہو گا۔

اس کے علاوہ شادی تقریبات والی گاڑیوں کی ڈس انفیکشن کرانا لازم ہوگا۔ شادی تقریب میں استعمال سے قبل کیمرہ، فون ڈس انفیکٹ کرانا ہوگا۔ شادی کی تقریب میں کارپٹس، میٹ کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ شادی تقریبات کے مہمانوں کی یومیہ بنیاد پر سکریننگ کرنا ہوگی۔

جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریب میں شریک ہر فرد کا بخار چیک کرنا لازم ہوگا۔ شادی کی تقریب میں بفے ڈنر اور لنچ کی اجازت نہیں ہوگی تاہم لنچ باکس، ٹیبل سروس کی اجازت ہوگی۔ میزبان ولیمہ کہ تقریب میں مہمانوں کیلئے فوڈ باکس کا استعمال کریں گے۔

اس کے علاوہ ولیمہ میں مہمانوں کو ٹیبل پر کھانا دینے کی اجازت ہوگی۔ شادی کی تقریب میں صابن سے ہاتھ دھونے، سینیٹائزر کا انتظام لازمی ہو گا۔ کورونا کے مشتبہ و مصدقہ مریض شادی تقریب میں شرکت نہیں ہونگے۔ دلہا، دلہن کے گھر والے روایتی طریقے سے مبارکبادیں وصول نہیں کریں گے۔ شادی کی تقریب میں مصافحہ اور گلے ملنے پر پابندی ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شادی تقریب کی مانیٹرنگ کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ کیلئے شادی کی تقریب میں جگہ مختص کرنا ہوگی۔ 1 ہزار مہمانوں کی شادی تقریب 36 ہزار مربع فٹ جگہ پر ہوگی جبکہ 250 مہمانوں کی شادی تقریب 9 ہزار مربع فٹ جبکہ 100 مہمانوں کی شادی تقریب 36 سو مربع فٹ جگہ پر منعقد ہوگی۔ شادی کی تقریب میں ہر فرد مربع چھ فٹ رقبے میں بیٹھے گا۔

شادی کی تقریب میں چار فٹ والی گول میز کے گرد ایک فرد بیٹھے گا۔ پانچ فٹ والی گول میز کے گرد دو افراد بیٹھ سکیں گے۔ 7 فٹ والی گول میز کے گرد 3 افراد بیٹھ سکیں گے۔ شادی کے مہمانوں کے نام اور رابطوں کی تفصیلات محفوظ رکھنا ہونگی۔ شادی کا ایونٹ مینجر مہمانوں کی تفصیلات 15 یوم تک محفوظ رکھے گا۔ ایونٹ مینجر بوقت ضرورت ہیلتھ اتھارٹی کو مہمانوں کی تفصیلات فراہم کرے گا۔

مزیدخبریں