نسیم شاہ کی صحت میں بہتری، دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم میں شمولیت کا امکان

01:28 PM, 8 Nov, 2020

لاہور: قومی کرکٹر نسیم شاہ کے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوجوان کھلاڑی کی صحت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔

خیال رہے کہ نسیم شاہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوران گروئن انجری کا شکار ہوئے تھے، جس کے بعد انھیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹویٹر اکائونٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ نسیم شاہ اس وقت خرابی صحت کی وجہ سے مزید نہیں کھیل سکتے، انھیں آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ وقص مقصود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا۔

وہ فٹنس مسائل کے باعث زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں شامل نہ ہو سکے تھے۔ وہ اس وقت نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ری ہیب کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ ماہ رواں کے تیسرے ہفتے سے میچز کھیلنے کیلئے فٹ قرار دیئے گئے ہیں۔ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان 11 نومبر کو متوقع ہے۔ اس میں نسیم شاہ کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

2003ء میں پیدا ہونے والے نسیم شاہ دائیں ہاتھ سے بائولنگ کرانے والے تیز گیند باز ہیں۔ وہ اپنی کارکردگی سے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد کو اپنا گرویدہ بنا چکے ہیں۔ سابق کرکٹرز اور مبصرین بھی نوجوان بائولر کے مستقبل سے پرامید ہیں۔

نسیم شاہ نے 2019ء میں برسبین آسٹریلیا میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ نوجوان بائولر اب تک 7 ٹیسٹ میچوں میں 557 رنز دے کر چونتیس اعشاریہ اکیاسی کی اوسط سے 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں