جھوٹ کا ورلڈ کپ ہوجائے تو وزیراعظم  جیت لیں گے،سراج الحق

01:21 PM, 8 Nov, 2020

بونیر:جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ کا ورلڈ کپ ہوجائے تو وزیراعظم  جیت لیں گے،پی ٹی آئی نے عوام کا خون نچوڑا، کشمیری شہداسے غداری کی،عمران خان نے کہا تھا جس روز عوام کہہ دیں گے وہ حکومت چھوڑ دیں گے جبکہ آج کا جلسہ عوام کی  حکومت سے عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


تفصیلات کے مطابق بونیر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ آج عمران خان  کا امتحان ہے وہ عوام کے کہنے پر گھر جاتے ہیں یا نہیں، اللہ کو گواہ بناکر کہتا ہوں پی ڈی ایم کا اپنا بیانیہ ہے اور پی ٹی آئی کا اپنا بیانیہ ہے اور جماعت اسلامی کا بیانیہ ہے پاکستان میں اللہ کا نظام چلے گا جبکہ پاکستان میں  کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام سمیت کوئی بھی ملک دشمن نظام برداشت نہیں کریں گے۔


سراج الحق نے مزید کہا کہ جب تعلیم سے فارغ ہوا  تو عہد کیا تھا نوکری نہیں کریں گے عوام کی خدمت کریں گے،اللہ تعالیٰ سے وعدہ کرتا ہوں خون کے آخری قطرے تک پاکستان کو حقیقت میں اسلامی ملک بنائیں گے جبکہ پی ٹی آئی بھی گزشتہ حکومتوں کا تسلسل ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں، پی ٹی آئی نے عوام کا خون نچوڑا اور غریب آدمی کی گردن مروڑ دی  ہے،تحریک انصاف نے  عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ اور سر سے چھت چھین لی ہے۔


امیر جماعت اسلامی جلسے میں خوب گرجے برسے اور تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے 5 لاکھ کشمیری شہدا کے ساتھ غداری کی،پی ٹی آئی نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے حوالے کردیا ،پاکستان کے حال اور مستقبل کو تباہ کردیا گیا اور اگر جھوٹوں کا ورلڈ کپ ہو تو پی ٹی آئی یہ ورلڈ کپ جیت جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں صحت، معیشت،روزگار  کو تباہ کرکے رکھ دیا،پی ٹی آئی نے صنعت، زراعت سمیت پورا اسٹرکچر تباہ کردیا، ان کے پاس اب کہنے کو کچھ نہیں، وہ روزانہ نئے جھوٹ بولتی ہے، پی ٹی آئی کے کئے گئےوعدے  پورے نہ ہوئے، عوام اب ان سے تنگ ہیں اور پی ٹی آئی کو لانے والے بھی اب شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔


سراج الحق نے کہا کہ انہوں نے وعدہ کیا تھا گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنائیں گے،یہ بتائیں کیا خیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس یونیورسٹی بن گئی ہے،50 لاکھ گھر بناکر عوام کو دیں گے،یہ بتائیں کیا بونیر میں  انہوں نے ایک گھر بھی بنا کر دیا ہے،پی ٹی آئی کی حکومت میں چینی 105 روپے مل رہی ہے،پہلے چینی کی قیمت پاکستان میں 55  روپے مقرر تھی، بلڈپریشر سمیت دیگر ادویات میں 500 فیصد مہنگی ہوچکی ہیں جبکہ پی ٹی آئی میں شامل لوگ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا تحفہ ہیں۔


امیر جماعت اسلامی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ان کے درمیان کسی بھی معاملے پر کوئی لڑائی نہیں، ان کے درمیان تعلیم، صحت، خارجہ پالیسی اور کشمیر کے معاملے پر لڑائی نہیں، لڑائی صرف اور صرف مفادات کی ہے، مجھے  نیب کا کوئی معاملہ درپیش نہیں، نیب کو ساتھ لے کر ان کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کروں گا، حکومت میں موجود کرپٹ لوگوں کا بھی  احتساب کریں گے، قوم کو  حکومت کی ناقص پالیسیوں کیخلاف بھرپور آواز بلند کرنی چاہئے، بونیر کا جلسہ اس بات کا ثبوت ہے عوام نے حکومت کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے اور عوام کو ساتھ لے کر بہت جلد اسلام آباد کا بھی رخ کریں گے۔

مزیدخبریں