وزیراعظم عمران خان کی جوبائیڈن اور کملا ہیرس کو امریکی انتخابات جیتنے پر مبارکباد

11:30 AM, 8 Nov, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکی انتخابات جیتنے پر صدر جوزف بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں میں کہا ہے کہ میں جوبائیڈن کی طرف سے جمہوریت سے متعلق عالمی سربراہ اجلاس کا منتظر ہوں۔ امریکا کےساتھ مل کر افغانستان اور خطےمیں امن کی کوششیں جاری رکھیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ میں نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈں کے جمہوریت پر عالمی سمٹ کے انعقاد کیساتھ کرپٹ رہنماؤں کی جانب سے چوری شدہ قومی دولت چھپانے اور ٹیکس چوری کے غیر قانونی ٹھکانوں کے خاتمے کیلئے ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ افغانستان اور خطے میں امن کیلئے بھی ہم امریکہ کیساتھ کام جاری رکھیں گے۔ خیال رہے کہ امریکی نومنتخب صدر کی خاص بات یہ ہے کہ وہ ماضی میں پاکستان کے کئی دورے کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ جوزف بائیڈن اعصاب شکن صدارتی انتخابات کے بعد امریکا کے چھالیسویں صدر منتخب ہو چکے ہیں۔ وہ 20 جنوری 2021ء کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ امریکی عوام نے ان کیساتھ کملا ہیرس کو نائب صدر چنا ہے۔ دونوں شخصیات نے امریکی عوام کو مستقبل کے سنہرے خواب دکھاتے ہوئے انھیں تقسیم کرنے کی بجائے ایک کرنے کا عزم دہرایا ہے۔

ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کی فتح کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے انتخابات کے نتائج کو سپریم کورٹ میں چینلج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس اس بات کے کوئی ثبوت نہیں ہیں کہ امریکی الیکشن 2020ء میں کسی قسم کی دھاندلی کی گئی، اس لئے ان کا اس کیس میں جیت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

مزیدخبریں