ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق

10:11 AM, 8 Nov, 2019

لاہور: پاکستان کے مختلف شہروں، پنجگور، خانیوال، چکوال اور کراچی میں پیش آنے والے مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے سرسنڈ کے قریب 2 گاڑیوں میں ٹکر ہو گئی۔ لیویز حکام کے مطابق حادثے میں ٹکرانے سے دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں جھلس کر 4 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں سے 2 افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ دیگر 2 کی لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں۔

پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل کبیر والا میں موٹروے مخدوم پور انٹر چینج کے قریب مسافر بس اور ٹرالر میں ٹکر کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مسافر بس جھنگ سے ملتان آ رہی تھی۔پنجاب کے ضلع چکوال کے قریب کوٹ سارنگ میں ٹریلر اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی ٹریفک کے 2 حادثات پیش آئے۔کورنگی کاز وے پر کار فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ شارعِ فیصل پر لال کوٹھی کے قریب 2 کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے 2 افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں