اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کو سیاسی خانہ بدوش قرار دے دیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سیاسی خانہ بدوش ہیں ۔انھوں نے کہا کہ حکومتی رویے کی وجہ سے پارلیمنٹ کا سیشن ایک دن بھی پوری طرح نہیں چل سکا ہے ، پہلی بار ایسا ہوا کہ حکومت نے اپنے ہی طلب کردہ اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ فواد چودھری پارلیمانی روایات اور اقدار سے ناواقف ہیں ، فواد چودھری کی نہ کوئی پارٹی ہے نہ نظریہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ حکومتی وزرا ایس ایچ او کی کرسیوں پر بیٹھ کر احکامات لکھتے ہیں ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ سے پوچھا جائے گا کہ پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جیز کے ساتھ کیا ہوا ؟ ڈی پی او پاکپتن کے ساتھ کیا ہوا ؟ نااہلی اور منفی رویے پر حکومت کو جلد عوام سے این آر او لے کر بھاگنا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ آپ سے پوچھا جائے گا کہ این آر او کس نے اور کب مانگا ، حکومت کے پاس کسی معاملے میں کوئی حکمت عملی ہے ، نہ ہی وژن ہے ۔