وزراءمداخلت فی الدین کر کے ملک میں فساد فی الارض پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں:خادم رضوی

وزراءمداخلت فی الدین کر کے ملک میں فساد فی الارض پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں:خادم رضوی
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی :مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سپریم کورٹ سے بریت کے معاملے اور احتجاج کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر بات کرتے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے قائد علامہ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے وزرا کو لگام دے جو مداخلت فی الدین کر کے ملک میں فساد فی الارض پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور قومی میڈیا کا ایک مخصوص طبقہ بھی چنگاری کو بھڑکتے شعلے بنانے میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے پر خلوص معاہدے کیے جن پر ہم خلوص سے عمل کررہے ہیں لیکن بعض وزرا اور نوکر شاہی میں موجود کالی بھیڑیں حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔


وزیراعظم معاہدے کی روح کے مطابق حکومتی وعدوں کو جلد از جلد پورا کروا کر ملک میں پھیلی بے چینی اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے یہ تمام باتیں رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی اعظم منیب الرحمان سے ملاقات کے بعد بلال مسجد نیو کراچی میں عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔


علامہ خادم حسین رضوی نے شہدا اور زخمیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ 9 نومبر کو پورے ملک میں یوم اقبال منا کر قوم کے محسنوں کو خراج عقیدت پیش کریں وہ قومیں کبھی تاریخ میں زندہ نہیں رہتیں جو اپنے محسنوں اور اکابرین کو فراموش کر دیتی ہیں۔


انہوں نے مزید کہا کہ ہماری منزل اسلام آباد نہیں مدینہ طیبہ ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو 25 جولائی کو عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ہم خاموشی اختیار نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو نظام مصطفیٰ ﷺکو گہوارہ بنانے کے لیے پر امن جمہوری حق کو استعمال کر کے اپنے ہدف کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔

ہم ملک کی سالمیت اور قوم کی آزادی سے کسی کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی، عوام چاہتی ہے کہ آسیہ کیس کی نظرثانی میں بیرونی مداخلت اسلامیان کو مکمل طور پر مسترد کیا جائے۔