اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی تقرری غیر قانونی قرار دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے عطا الحق قاسمی نے بطور ایم ڈی جو احکامات دیئے ان کو غیرقانونی قرار دیدیا ہے۔
عدالت نے عطاالحق قاسمی کودی گئی تنخواہ اورمراعات واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے ان کو کسی بھی سرکاری عہدے کیلئے بھی نااہل قراردیدیا۔سابق ایم ڈی پی ٹی وی پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگایا گیا۔عدالت نے کہا عطا الحق قاسمی نے اپنے دور میں19 کروڑ78 لاکھ روپے حاصل کیے۔
یہ تمام اخراجات پرویزرشید، اسحاق ڈار اور فواد حسن فواد سے لیے جائیں۔سپریم کورٹ نے حکومت کومستقل بنیادوں پر ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی کا بھی حکم دے دیا۔سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ فیصلے پر قانونی راستہ اختیارکیاجائے گا،پہلے مجھے معلوم ہوجائے کہ میرے ذمہ کیا گناہ لگایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے عطاالحق قاسمی کیس کا فیصلہ 12 جولائی 2018 کو محفوظ کیا تھا۔