نیویارک: سافٹ وئیر بنانے والی مشہور کمپنی کوالکوم نے ایپل پر مقدمہ درج کروا دیا۔ کوالکوم کئی سالوں سے ایپل کو موبائل موڈیم فراہم کر رہا ہے۔ ایپل نے مطالبہ کر کے کوالکوم کے انتہائی قیمتی اور خفیہ سافٹ وئیر(موڈیم کے فرم وئیر) بشمول سورس کوڈ تک بھی رسائی حاصل کر لی۔اب ایپل نے انٹل سے بھی موڈیم خرید کر استعمال کرنا شروع کر دئیے ہیں۔
انٹل اس وقت مارکیٹ میں کوالکوم کا سب سے بڑا حریف ہے۔ کوالکوم نے ایپل پر الزام لگایا ہے کہ اس نے موڈیم کے فرم وئیر کو انٹل کے ساتھ شیئر کیا ہے۔کوالکوم کے یہ الزامات اگر درست ثابت ہوئے تو ایپل کو انتہائی خطیر رقم ہرجانے کے طور پر کوالکوم کو دینا پڑ سکتی ہے۔کوالکوم کا کہنا ہے کہ ایپل سافٹ وئیر کے لائسنس کی شرائط و ضوابط کی پابندی نہیں کر سکا۔ معاہدے کی خلاف ورزی کی وجہ سے وہ ایپل پر مقدمہ کر رہے ہیں۔کوالکوم نے ایپل پر ایک اور الزام یہ لگایا ہے کہ ایپل انہیں سافٹ وئیر کے استعمال کے حوالے سے آڈٹ کرنے بھی نہیں دے رہا جبکہ یہ بات معاہدے میں شامل تھی۔
یہ مقدمہ ایپل کے کوالکوم سے موڈیم نہ خریدنے کی اطلاعات کے چند دن بعد ہی سامنے آیا ہے۔اگر ایپل نے کوالکوم سے موڈیم خریدنے بند کر دئیے تو کوالکوم کی آمدن 7.5 فیصد کم ہوجائے گی۔
کوالکوم نے ایپل کمپنی پر مقدمہ درج کروادیا
06:48 PM, 8 Nov, 2017