پیانگ یانگ:جنوبی کوریا کے مطابق شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی تنصیب کے لئے نیا فوجی یونٹ قائم کر دیا۔
تفصیلا ت کے مطابق جنوبی کوریا نے نیا انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا نے، کے این اسّی کے نام سے ایک خصوصی یونٹ قائم کیا ہے جو ملک کی اسٹریٹیجک فورس کی کمانڈ میں کام کر ے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے تیار کردہ بیلسٹک میزائل کم سے کم چھے ہزار دو سو میل تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شمالی کوریا نے اپریل دو ہزار بارہ اپنے پہلے میزائل سسٹم کی رونمائی کی تھی۔امریکہ کے نیشنل انٹیلی جینس چیف جیمز کلیپر نے اپنے حالیہ بیان میں شمالی کوریا کی بیلسٹک میزائل سرگرمیوں میں توسیع کی خبر دی تھی۔اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے بھی شمالی کوریا نے ایک راکٹ کے ذریعے چھوٹا سیارہ خلا میں بھیجنے کا تجربہ کیا تھا۔
شمالی کوریا نے اپنے تجربے کو خلائی تحقیق کی جانب پرامن قدم قرار دیا تاہم مغربی ممالک کا دعوی ہے کہ اس تجربے میں بیلسٹک میزائل کو بطور راکٹ استعمال کیا گیا ہے۔