ریاض : سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کرگئی۔ گرفت میں آنے والوں میں شہزادے شاہی خاندان کے افراد،اور اعلیٰ سرکاری اہلکار شامل ہیں۔سعودی عرب میں بدعنوانی کے خلاف مہم بلاتفریق جاری ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق گرفتار شدگان میں ارب پتی شہزادہ الولید بن طلال اور دیگردس شہزادے و شاہی خاندان کے دیگر افراد شامل ہیں۔ سعودی عرب کے اٹارنی جنرل سعود المجیب نے اخبار کو بتایاکہ گرفتار شدگان کو ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
تفتیش کی تفصیلات خفیہ رکھی جارہی ہیں۔اخبار کے مطابق سعودی عرب میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں اینٹی کرپشن کے قیام کے بعد ہفتے کی رات ہی کارروائی شروع کردی گئی تھی اور تین شہزادوں کو فوری طور گرفتار کیا گیا تھا۔
ہوٹل میں آنے اور جانے والے افراد پر نظر رکھنے والے امریکی حکام نے اخبار کو بتایاکہ تاحال ہوٹل میں پانچ سو گرفتار شدگان موجود ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق گرفتار شدگان فرش پر سورہے ہیں۔