چترال: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر بلدیاتی نظام ٹھیک کر لیا جائے تو عوام کی زندگی آسان ہو جاتی ہے جبکہ غریب لوگوں کو مسائل سے نکالنا ہی اچھے لیڈر کا کام ہے۔ ملک کی تاریخ کا بہترین نظام ہم نے دیا اور اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو دیئے۔ انہوں نے مزید کہا اگلے بلدیاتی نظام میں مزید تبدیلیاں لائیں گے تاکہ عوام کے مسائل جلد سے جلد حل ہو سکیں۔
عمران خان نے مخالفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتے ہیں مظلوم شکل بنا کر کہا جاتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر الزام لگایا کہ انہوں نے 94 ارب روپے لیگی ایم این ایز میں بانٹے۔ پارلیمنٹیرینز کا کام صرف قانون سازی کرنا ہے لیکن انھیں ترقیاتی کاموں پر لگا دیا گیا جس سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن مہنگے ہو گئے۔
عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا پاکستان کی تباہی 1985 سے شروع ہوئی اور ملک اب قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ آج عوام پر پیسا خرچ ہونے کے بجائے جیبوں میں جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا اقتدار میں آنے کے بعد کوئی پیسا ارکان اسمبلی کو نہیں دیا جائے گا جبکہ اقتدار کے بعد پہلی ایمرجنسی تعلیم میں لگائیں گے کیونکہ برصغیر میں آج سب سے کم تعلیم پاکستان میں ہے۔ دوسری ایمرجنسی ماحولیات کی لگائی جائے گی کیونکہ ماحولیات جس تباہی پر ہے ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں