حوثی ایرانی میزائل سعودیہ کے خلاف استعمال کرتے ہیں،امریکا

12:37 PM, 8 Nov, 2017

نیویارک:امریکا نے الزام عاید کیا ہے کہ ایران یمن میں باغیوں کو میزائل فراہم کر رہا ہے، جنہیں یمنی باغی سعودی عرب پر حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی خاتون مندوب نکی ہیلی نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال جولائی میں یمنی حوثی باغیوں نے ایران سے حاصل کردہ میزائل سعودی عرب پر داغے تھے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند بنائے اور قراردادوں کی خلاف ورزی کی ذمہ داری تہران پر عاید کرے۔امریکی سفیرہ کا کہناتھا کہ سعودی عرب کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق جولائی میں ’قیام‘ نامی ایک میزائل یمن سے سعودی عرب پر داغا گیا۔

اس نوعیت کا میزائل یمن میں جاری کشمکش سے قبل وہاں نہیں تھا۔امریکی مندوبہ نے کہا کہ ایران یمن میں حوثیوں کی مدد کرکے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ ہفتے کے روز سعودی عرب پر داغا گیا میزائل بھی بہ ظاہر ایرانی ساختہ معلوم ہوتا ہے۔

مزیدخبریں