اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ سے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کے ارکان کی ملاقات ہوئی۔ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم پاکستانی ثقافت پر ایک انٹرنیشنل فلم کی عکسبندی کے لئے پاکستان کے دورہ پر ہے۔
ملاقات میں پاکستانی ثقافت پر مبنی فلم کی تیاری سمیت ملک کے عظیم ثقافتی ورثہ اور تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔وفاقی وزیر اطلاعات کا ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو ملک میں فلم کے شعبہ میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پاکستانی ثقافت پر فلم کی تیاری کا انتخاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ثقافت اور لوگوں کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، پاکستان ایک عظیم ثقافتی ورثہ کا حامل ملک ہے۔ ہماری تاریخ، ادب، موسیقی اور فن دنیا بھر میں منفرد اور قابل تعریف ہیں، ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم دنیا کو پاکستان کی خوبصورتی اور تنوع کو دیکھنے کا نیا موقع فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو پاکستان میں فلم انڈسٹری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے، شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے اپنے پچھلے دور میں فلم پالیسی بحال کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے فلم کے شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دیا تاکہ نوجوانوں کو اس شعبہ میں آنے کا موقع مل سکے، 2022-23ءکے بجٹ میں ایک ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا، فنکاروں کے لئے میڈیکل انشورنس اور فلم انڈسٹری کے لئے ٹیکس مراعات سے فلم انڈسٹری اور اس سے وابستہ شعبوں کو فروغ ملا۔
بجٹ 2022-23ءمیں فلم سازوں کو پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی گئی، نئے سینما گھروں، پروڈکشن ہاﺅسز، فلم میوزیمز کے قیام پر پانچ سال کا انکم ٹیکس، فلم اور ڈرامے کی برآمد پر دس سال کے لئے ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ مقامی طور پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروجیکٹس پر غیر ملکی فلم سازوں کو بھی رعایت دی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اس کے لئے پاکستان میں 70 فیصد فلم کی شوٹنگ کی شرط لاگو ہے تاکہ سیاحت اور ثقافت سمیت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے، سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا بیانیہ پہنچایا۔ ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کو حکومت اور اپنی جانب سے بھرپور حمایت اور تعاون فراہم کریں گے، ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے تیار کی جانے والی فلم پاکستانی فلمی صنعت کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، فلم کی تیاری سے دنیا بھر کے لوگوں کو پاکستان کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملے گا اور ملک کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔
ہالی ووڈ پروڈکشن ٹیم کا پاکستان میں میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا ہے کہ پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثہ اور لوگوں سے بہت متاثر ہیں، پاکستان میں فلم سازی کی بڑی صلاحیت موجود ہے، ہم اس صنعت کو آگے بڑھانے میں مدد کرنے کے لئے پرعزم ہیں، ہم حکومت پاکستان، پاکستان کے عوام اور فلمی صنعت کے تمام ارکان کا تعاون کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ دورہ پاکستان سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، ملک کی خوبصورتی اور ثقافت سے متاثر ہیں، وفد میں جیمز ایم سی میلان، اینڈریو جیمز فیرو، لیوسا اسکن، سعدیہ اشرف، بدر اکرام، مشعل ثاقب شامل تھے۔