ریاض: سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بغیر پرمٹ اور حج ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 2 سے 20 جون کے دوران مکہ مکرمہ، مرکزی علاقے، مشاعر مقدسہ، حرمین ٹرین سٹیشن، عارضی سکیورٹی کنٹرول سینٹرز میں بغیرحج پرمٹ اور خلاف ورزیوں پر پکڑے جانے والے شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور وزیٹرز پر10 ہزار ریال جرمانہ اور بے دخلی کے ساتھ مملکت میں دوبارہ داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سعودی محکمہ امن عامہ نے اس سے قبل بیان میں ہفتہ4 مئی 2024 سے حج سیزن کے حوالے سے ضوابط پر عملدرآمد کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
جس کے تحت مکہ مکرمہ میں داخلے کے لئے انٹری پرمٹ ضروری ہوگا، بیان میں کہا گیا تھا کہ نئے ضوابط کا مقصد حج کے عمل کو بہتر اور عازمین حج کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔