لاہور: پنجاب میں رواں ہفتے ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔صوبےکےبیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 8 سے 10 مئی کو پنجاب میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری اضافے کا امکان ہے جبکہ 10 اور 11 کو مئی جنوبی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ کھڑی فصلوں کو طوفان سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ واسا پنجاب پولس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام کیلئے ہدایت جاری کی کہ۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔ دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں ۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دی۔ ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔