جدہ : سعوی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبی معائنے کے لیے ساحلی شہر جدہ کے ہسپتال میں داخل کرادیا گیاجہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کی طرف سے شاہی محل سے جاری بیان میں شاہ سلمان کی طبیعت کے حوالے سے مزید تفصیلات نہ بتاتے ہوئے کہا گیا کہ ’ان کے شاہ سلمان اسپیشلسٹ ہسپتال میں ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
بیان میں سعودی بادشاہ کی صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’خدا خادمین حرمین الشریفین کو محفوظ رکھے اور وہ صحت و تندرستی سے لطف اندوز ہوں.
واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد اور نائب وزیر اعظم کے عہدوں پر ڈھائی سال سے زیادہ وقت گزارنے کے بعد 2015 میں دنیا کے بڑے آئل برآمد کنندہ ملک کے بادشاہ بنے تھے۔ وہ 50 سال سے زائد عرصے تک سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔