لاہور: گورنر سندھ کیلئے نسرین جلیل کا نام فائنل کر لیا گیا، تقرری کیلئے وزیراعظم آفس نے سمری صدر مملکت کو بھجوا دی ۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کے لیے سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دی ہے۔
متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیر اعظم کو گورنر سندھ کے لیے 5 نام تجویز کیے تھے جن میں نسرین جلیل، عامر خان، عامر چشتی، وسیم اختر اورکشور زہرہ شامل تھیں۔ تاہم ایم کیو ایم کے رہنماؤں کی اکثریت نسرین جلیل کی پارٹی سے طویل عرصے سے وابستگی کی وجہ سےبطور گورنر دیکھنا چاہتی تھی ۔
واضح رہے کہ صدر مملکت کی جانب سے سمری منظور ی کے بعد نسرین جلیل سندھ میں تقریباً نصف صدی بعد بننے والی خاتون گورنر ہوں گی، ان سے قبل پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان مرحوم کی اہلیہ رعنا لیاقت علی خان 1973 سے 1975 تک سندھ میں گورنر کے عہدے پر رہنے والی خاتون تھیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں پیدا ہونے والی ایم کیو ایم رہنما نسرین جلیل پاکستان میں ہمیشہ کراچی میں ہی رہی ہیں اور ان کے سیاست بھی ہمیشہ ایم کیو ایم کیساتھ ہی منسلک رہی ، تاہم ان کا زندگی کا ابتدائی حصہ بیرون ملک میں گزرا جہاں وہ لندن اور پیرس میں مقیم رہیں ، اسی لیے اردو، انگریزی کے علاوہ فرنچ زبان پر بھی عبور رکھتی ہیں۔
نسرین جلیل دو مرتبہ سینیٹر بھی رہ چکی ہیں جبکہ 2002ء کے جنرل الیکشن میں حلقہ این اے 250 سے انتخاب لڑا لیکن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔