لاہور: صوبائی دارالحکومت میں نامعلوم حملہ آوروں نے گھر میں گھس کر ایک ڈاکٹر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔سی سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں واقع گلشن احباب ہاؤسنگ سوسائٹی میں 36 سالہ آرتھوپیڈک کنسلٹنٹ ڈاکٹر فیاض کو ان کے گھر کے اندر نشانہ بنایا گیا، نامعلوم ملزمان نے ڈاکٹر پر 10 گولیاں برسائیں اور موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔
قتل کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کامیانہ نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی۔ سی سی پی او نے قتل کی تمام پہلووں سے تحقیقات کی ہدایت کر دی اور کہا کہ قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔