لاہور: سابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل میڈیا کے ایک اور نئے میڈیم ’پوڈ کاسٹ‘ کے ذریعے لوگوں تک اپنا بیانیہ پہنچانے کی کوشش کی ، تاہم اس پوڈ کاسٹ کے مختلف کلپس بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئے ہیں جن میں ایک سابق وزیراعظم کیلئے ٹرولنگ کا باعث بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کے ذریعے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کیلئے عمران خان نے مختلف سوالات کے جواب دئیے، اسی دوران سابق وزیر اعظم برطانیہ میں اپنی زندگی کے بارے میں بھی بات کرتے نظر آئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ برطانوی معاشرے کا حصہ تھے اور انہیں وہاں خوب عز ت بھی ملی، عموماً برطانیہ میں ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ کسی باہر کے شخص کو قبول کیا جائے لیکن اس سب کے باوجود انہوں نے کبھی برطانیہ کو اپنا گھر نہیں سمجھا، کیونکہ وہ پاکستانی تھے جو مرضی کر لیتے انگریز تو بن نہیں سکتے تھے ۔ اس کے بعد عمران خان نے اپنی اس بات کو واضح کرنے کیلئے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر گدھے پر لکیریں ڈال دیں تو وہ زیبرا نہیں بن جاتا ، گدھا گدھا ہی رہتا ہے ۔ اس تبصرے پر سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا ایک سیلاب امڈ آیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم کا ایک اور کلپ ان کیلئے آن لائن ٹرول کا سبب بن گیا تھا۔یہ کلپ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر اہم ووٹنگ سے عین قبل وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں ایک صحافی نے حساب رکھا کہ عمران خان کے خطاب میں میں، مجھ اور میرا کے الفاظ کتنی بار کہے گئےاور بعد ازاں نجی ٹیلی ویژن نے ایک رپورٹ شائع کی جس میں بتایا گیا کہ عمران خان کے خطاب کے دوران مذکورہ بالا الفاظ کل 213 مرتبہ کہے گئے۔