صوبہ سندھ میں عید کی شاپنگ کیلئے دی گئی مہلت ختم، کل سے لاک ڈاؤن کا آغاز

09:08 PM, 8 May, 2021

کراچی: صوبہ سندھ میں حکومت کی جانب سے عید کی شاپنگ کیلئے شہریوں کو دی گئی مہلت آج شام 6 بجے سے ختم ہو گئی ہے لیکن اب بھی شہریوں بالخصوص خواتین نے خریداری مکمل نہ ہونے کا شکوہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق عید شاپنگ کی مہلت ختم ہونے کے آخری دن بازاروں میں خریداروں کا رش رہا اور لوگ خریداری کرتے رہے جس دوران کچھ بازاروں میں ایس او پیز پر عمل نہ ہوسکا اور عوام نے ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دی۔ صوبے میں کل سے 16 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن ہو گا جس کے تحت تمام مارکیٹس اور بازار مکمل بند ہوں گے جبکہ ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی رہے گی۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حالات تشویشناک حد تک پہنچ چکے ہیں اور بدترین صورت حال کے باعث سخت اور مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مکمل لاک ڈاؤن رہا جبکہ لاہور میں چھوٹی بڑی تمام مارکیٹس بند اورسڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دی گئی جس کے باعث پردیسیوں کی اپنے شہروں کو روانگی کیلئے بس اڈوں پر رش رہا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گزشتہ روز سے لاک ڈاﺅن کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے رمضان المبارک کے بعد عیدالفطر کے حوالے سے ایس او پیز بھی جاری کی جا چکی ہیں جن کے تحت عید ملن پارٹیاں ہوں گی اور نہ ہی عوامی اجتماعات ہوں گے۔ 

مزیدخبریں