اسلام آباد، بھارت سے آنے والے طیارے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے نے فیولنگ کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
تفصیلات کے مطابق دہلی سے آنے والاطیارہ کینیڈین ایئرفورس کا ہے جو ری فیولنگ کے بعد بحرین روانہ ہوگا۔طیارے نے ری فیولنگ کی درخواست کی تھی جس کے بعد اس کو اسلام آباد ائر پورٹ پر اترنے کی اجازت دی گئی ۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو دوران پرواز مسافر کے انتقال کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی تاہم ضروری اقدامات کے بعد پرواز احمدآباد کے لیے روانہ ہوگئی تھی۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا تھا کہ کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی، جس پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جہاز کو کراچی ایئر پورٹ اتارنے کی اجازت دی گئی تاہم طبی امداد دیے جانے تک مسافرطیارےمیں ہی انتقال کرچکا تھا۔
یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں بھی ریاض سے دہلی جانے والی بھارتی ایئرلائن کے طیارے کو دوران پرواز مسافر کے جاں بحق ہونے پر کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔