اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کا اختیار ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے کا اختیار ہے، شہبازشریف کے وکلاءکی طرف سے عدالتی فیصلے کی بلیک لسٹ سے نام نکلوانے کی ابھی تک کوئی درخواست ڈی جی ایف آئی اے کو نہیں دی گئی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صرف زبانی باتوں پرریکارڈ میں تبدیلی نہیں کی جا سکتی، حکومت اس فیصلے کے خلاف عدالت کو رجوع کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزایف آئی اے امیگریشن حکام نے شہباز شریف کو سسٹم میں بلیک لسٹ ہونے کے باعث دوحہ جانے والی پرواز سے آف لوڈ کر دیا تھا ۔ شہباز شریف علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے دوحہ کیلئے روانہ ہو رہے تھے جہاں سے انہیں برطانیہ جانا تھا لیکن ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا۔
امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ ہمارے کمپیوٹر سسٹم میں آپ کا سٹیٹس بلیک لسٹ آ رہا ہے جس پر شہباز شریف نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ون ٹائم ٹریول کی اجازت ہے، میرے پاس لاہور کی عدالت عالیہ کا حکم نامہ موجود ہے، انہوں نے امیگریشن حکام کو عدالت عالیہ کا حکم نامہ دکھایا اور لیگی رہنما عطا تارڑ نے ہی حکم نامہ پڑھ کر بھی سنایا تاہم امیگریشن حکام نے انہیں جانے کی اجازت نہیں دی۔
بلیک لسٹ میں نام ڈالنا یا نکالنا ڈی جی ایف آئی اے کا اختیار ہے: فواد چوہدری
03:18 PM, 8 May, 2021