اسلام آباد میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام سے منسوب عالیشان مسجد بنانے کا فیصلہ

02:58 PM, 8 May, 2021

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام سے منسوب عالیشان مسجد بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے نام سے منسوب مسجد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں تعمیر کی جائے گی جو یونیورسٹی کے نئے کیمپس میں ہو گی۔ مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے تعمیر کئے جانے والے ہال میں 4 ہزار مرد نمازیوں کی گنجائش ہوگی جبکہ خواتین کی عبادت کیلئے الگ ہال تعمیر کیا جائے گا جس میں 2 ہزار خواتین بیک وقت عبادت کرسکیں گی۔
عرب میڈیا کے مطابق اس منصوبے میں شاہ سلمان کے نام سے میوزیم اور لائبریری بھی تعمیر کی جائے گی جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان کے نام سے کانفرنس ہال موجود ہو گا، اس کے علاوہ منصوبے میں وسیع پارکنگ اور ایڈمنسٹریٹو ایریا بھی شامل ہو گا۔ 
عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ مسجد کے بیرونی حصے میں تقریباً 6 ہزار افراد کی موجودگی کی گنجائش ہو گی جبکہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے اس منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ان دنوں تین روز کے دورہ سعودی عرب پر ہیں۔

مزیدخبریں