لاہور داتا دربار کے قریب خودکش حملہ، 10 افراد شہید

09:13 AM, 8 May, 2019

لاہور: لاہور داتا دربار کے باہر پولیس ناکے پر ہونے والے خودکش حملے میں 10 افراد  شہید جبکہ20زخمی ہو گئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ خودکش تھا۔

پولیس کے مطابق حملہ ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب ہوا۔ ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربار کے گیٹ نمبر دو کے قریب کھڑی تھی۔ دھماکے سے ایلیٹ فورس کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

ایس پی سٹی ڈویژن سید غضنفر شاہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 15 زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ تمام افراد کو میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دھماکے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز محمد اشفاق نے میو استپال کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 5 ایلیٹ فورس کے جوانوں سمیت 10 افراد شہید جبکہ 20 زخمی ہوئے ہیں۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق جس گاڑی کے قریب دھماکا ہوا وہ داتا دربار کی سیکیورٹی پر مامور تھی جبکہ دھماکے   کےبعد داتا دربار کے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال اور علاج کی بہترین سہولت دینے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے امن و امان سے متعلق فوری طور پر اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ نے بھکر، سرگودھا اور شیخوپورہ کے دورے منسوخ کر دیئے۔ امن و امان سے متعلق اجلاس پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں ہو گا۔

مزیدخبریں