لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف ضمانت کی مدت ختم ہونے کے بعد دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل ہو گئے ہیں۔ نواز شریف قافلے کی صورت میں جاتی امرا سے کوٹ لکھ پت جیل پہنچے۔ ان کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز تھیں جب کہ ان کی گاڑی حمزہ شہباز چلا رہے تھے۔ نواز شریف کے قافلے میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے جیل منتقلی سے قبل کارکنوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے والہانہ جذبے کا اظہار کیا ہے۔ ان کا جذبہ اور دعائیں رنگ لائیں گی اور ظلم کی یہ رات ختم ہو گی ، جیل کی کال کوٹھری سے مجھے نجات ملے گی اور کارکن جانتے ہیں کہ مجھے کس گناہ کی سزا دی جا رہی ہے۔
نواز شریف نے جیل جانے سے قبل اپنے اہل خانہ اور سیاسی رفقا کے ہمراہ افطار کیا۔ اس سلسلے میں جاتی امرا میں نواز شریف کی پسندیدہ کھانے تیار کئے گئے۔ افطار کے دستر خوان پر کھجوریں، پلاؤ، سفید چاول اور قورمہ خصوصی طور پر رکھا گیا۔