اصغر خان کیس، سپریم کورٹ کا وفاقی حکومت کو فیصلے پر عملدرآمد کا حکم

اصغر خان کیس، سپریم کورٹ کا وفاقی حکومت کو فیصلے پر عملدرآمد کا حکم
کیپشن: وفاقی حکومت کیس پر عملدرآمد کرے اور اس کیلئے کابینہ کا اجلاس طلب کر کے اصغر خان کیس پیش کرے۔۔۔۔فوٹو/ آفیشل ویب سائٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو اصغرخان کیس سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اصغر خان کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق سماعت کی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل اور ڈی جی ایف آئی اے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اصغر خان کیس میں فیصلہ دے چکی ہے۔ نظرثانی کی درخواستیں خارج کی جا چکی ہیں اور اب عدالتی فیصلے پر عمل درآمد ہونا ہے۔

مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کی سینیٹر شپ عبوری طور پر معطل

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہ معاملہ ایف آئی اے میں جانا ہے یا نیب میں، وفاقی حکومت نے آج تک فیصلہ کے بعد کوئی ایکشن نہیں لیا صرف ایف آئی اے نے تحقیقات کی لیکن ایک جگہ پر یہ تحقیقات رک گئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالتی فیصلوں پر من وعن عمل ہونا چاہیے یہ نہیں معلوم آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنتا ہے یا نہیں۔

اس موقع پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ فوجداری ٹرائل ایف آئی اے کی تحقیقات کے بعد ہو گا جب کہ اصغر خان مرحوم کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اسد درانی اور اسلم بیگ کے خلاف ایکشن اور دیگر کے خلاف تحقیقات ہوں گی۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں سابق فوجی کے خلاف کارروائی کی شق نہ ہو تو اقدامات کے تحت کارروائی ہوتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا فیصلہ حکومت نے کیا ہم اصغر خان کیس عملدرآمد کا معاملہ حکومت پر چھوڑتے ہیں۔ وفاقی حکومت اور ایف آئی اے اصغر خان فیصلے کی روشنی میں ایکشن لے۔

 

یہ بھی پڑھیں: موبائل فون کارڈز پر دہرا ٹیکس لگانا غیر قانونی ہے، سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ وفاقی حکومت اصغر خان کیس پر عملدرآمد کرے اور اس کے لیے کابینہ کا اجلاس طلب کر کے اصغر خان کیس پیش کرے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومت فیصلہ کرے کہ ان کے خلاف کیا کارروائی کرنی ہے جس پر اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ 2 ہفتے کا وقت دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایک ہفتے کا وقت ملے گا کابینہ کا خصوصی اجلاس بلا لیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں