پیپلز پارٹی کارکنوں کا عامر لیاقت پر حملہ،تھانے کے اندر کپڑے پھاڑ دیے

11:40 AM, 8 May, 2018

کراچی:گزشتہ شب شہر قائدمیں حکیم سعید گراﺅنڈ جلسے کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا تھا اور جلاﺅ گھیراﺅ بھی کیا گیا جبکہ متعدد افراد بھی زخمی ہوگئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم، جلاؤ گھیراؤ

اسی تصادم کی زد میں حال ہی میں پی ٹی آئی کو جوائن کرنے والے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین بھی آگئے جنہوں نے الزام لگایا ہے کہ پی پی پی کے کارکنوں نے ان کے کیمپ پر حملہ کرکے نہ صرف کارکنوں پر تشدد کیا بلکہ گاڑیاں بھی نذر آتش کردی گئیں،جس کے بعد اس واقعے کی ایف آئی آر درج کرانے گئے تو تھانے کے اندر ہی ان کے کپڑوں کو بھی پھاڑ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے سردار کامل عمر، سردار عاقل عمر اور سردار عادل عمر کی ن لیگ میں شمولیت

عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی کے غنڈوں کا مجھ پر تھانے میں حملہ, مجھے ماں بہن کی گالیاں دیں اور میرے کپڑے پھاڑ دیے، یہ کیا لوگوں کو روٹی کپڑا مکان دیں گے جو کپڑے پھاڑ دیں ،پی ٹی آئی کے کارکنان عزیز بھٹی تھانے کے باہر مشتعل ہیں صورت حال بے قابو ہوجائے گی اگر گریبان پھاڑنے والوں کو بھاگنے دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ نے زرداری کو فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس لائق نہیں، خواجہ آصف

عامر لیاقت نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی والوں نے ان کے کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 14 کارکن زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت سخت تشویشناک ہے۔ عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وہ عزیز بھٹی تھانے میں ایف آئی آر درج کرانے گئے تھے، پیپلز پارٹی کے رہنما بھی تھانے میں ہی موجود تھے ، اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے نہ صرف انہیں گالیاں دیں بلکہ ان کا گریبان بھی پھاڑ دیا۔

تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے کہا کہ کراچی کا امن پیپلز پارٹی نے خراب کیا ہے، 12 مئی سے پہلے انہوں نے 12 مئی کردیا ہے۔ کراچی کی روشنیاں جلانے کے دعوے داروں نے آگ جلا کر اور گولیاں چلا کر روشنی جلائی ہے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ یہ واقعی ایم کیو ایم کا خلا پر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:احسن اقبال پر حملہ کرنے والے ملزم کا پہلا بیان سامنے آگیا

اس واقعے پر پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ٹوئٹر آفیشل پیچ پر بھی پیغام جاری کیا گیا کہ پیپلز پارٹی کے غنڈوں کی عزیز بھٹی تھانہ کے اندر بھی دہشت گردی جاری، تھانہ کے اندر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر حملہ کردیا، پولیس خاموش تماشائی بنی کھڑی رہی۔

خیال رہے کہ یہ سارا واقعہ گزشتہ شب کا ہے جب پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے حکیم سعید گراﺅنڈ کراچی میں 12 مئی کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے اور اسی سلسلے میں پی ٹی آئی نے کیمپ لگا رکھا تھا۔اس دوران بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے کیمپ پر دھاوا بول دیا جس کے بعد دونوں جانب سے گھمسان کا رن پڑا ااور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں