سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم
کیپشن: سپریم کورٹ نے شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ان کے خلاف تحقیقات کر کے ریفرنس فائل کرنے کا حکم دے دیا۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ وکی پیڈیا

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نجکاری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے پی آئی اے نجکاری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پی آئی اے کے سابق مینیجنگ ڈائریکٹرز تشریف لائے ہیں؟۔

مزید پڑھیں: احسن اقبال کو آئی سی یو سے پرائیویٹ کمرے میں منتقل کر دیا گیا

سماعت کے دوران سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم اور مہتاب عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے مہتاب عباسی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے میں نقصان آپ کے دور میں نہیں ہوا آپ بیٹھ کر دیکھیں کہ پی آئی اے میں ہوا کیا ہے۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ماہر اقتصادیات فرخ سلیم سے پی آئی اے کے 2008 سے 2017 تک کے مالی حالات پر پروجیکٹر پر بریفنگ لی۔ جس کے بعد چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سابق ایم ڈیز ان سوالات کا جواب مجموعی طور پر دیں گے یا الگ، الگ؟ ساتھ ہی چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا یہ معاملہ نیب کو بھجوا دوں؟۔

سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے سابق مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ عدالت میں جیب سے ہاتھ نکال کر کھڑے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ نے زرداری کو فائدہ پہنچایا لیکن وہ اس لائق نہیں، خواجہ آصف

چیف جسٹس نے شجاعت عظیم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب نقصان آپ کے دور میں ہوا۔ جس پر شجاعت عظیم نے جواب دیا کہ میں دو سال مشیر ہوا بازی رہا میرا تعلق پی آئی اے سے نہیں تھا جب آیا تو اسلام آباد ایئر پورٹ کی حالت بُری تھی اور مجھے ایڈوائزز بنایا گیا تھا لیکن دوہری شہریت پر ایک ماہ میں ہی مجھے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

جس پر چیف جسٹس نے شجاعت عظیم سے کہا کہ آپ تحریری طور پر جواب دیں۔ اس کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے شجاعت عظیم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے اور ان کے خلاف تحقیقات کر کے ریفرنس فائل کرنے کا حکم دے دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں