واشنگٹن: انسانی جلد جھلسنے کے بعد نئی جلد کی افزائش میں جہاں کافی عرصہ لگتا ہے تو وہی عمر بھر اس کے نشانات باقی رہ جاتے ہیں۔ لیکن اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے سائنسدانوں نے ایک انقلابی ”اسکن گن“ تیار کی ہے جس کے ذریعے صرف چند روز میں ہی مریض کی جلد دوبارہ اگنے لگتی ہیں۔
رینووا کیئر نامی بین الاقوامی کمپنی نے ایک خاص پستول نما مشین تیار کی ہے جسے ”اسکن گن “ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ نظام انسانی جلد پر خلیات کا اسپرے کرتا ہے۔ اس سے بننے والی نئی جلد کو پہچاننا تک ناممکن ہوجاتا ہے اور زخم کا کوئی نشان بمشکل باقی رہتا ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق یہ عمل بہت نرم ہے اور اس میں جلد حقیقی کھال کی طرح نمو پاتی ہے۔ اس کے لیے ڈاک ٹکٹ کے برابر کھال کا ایک ٹکڑا لیا جاتا ہے پھر اس میں سے اسٹیم سیل (خلیاتِ ساق) نکال کر زخم پر اس کا اسپرے کردیا جاتا ہے جبکہ اس عمل میں صرف 90 منٹ لگتے ہیں۔تاہم اس سے قبل جسم کے دوسرے حصے سے لی گئی جلد کے بڑے بڑے ٹکڑے کاٹ کر یا پھر مہنگی پلاسٹک سرجری کی مدد سے جلنے والی جلد کی کمی دور کی جاتی رہی ہے ۔
کمپنی کی جانب سے اسکن گن کو آزمائشی طور پر ایک 43 سالہ شخص پر آزمایا گیا جس کا بایاں کندھا اور اوپری بازو گرم پانی سے جھلس گیا تھا اور بڑے بڑے آبلے پڑگئے تھے۔ اس پر ایک کروڑ 70 لاکھ خلیات کا اسپرے کیا گیا اور صرف 6 دن میں نئی کھال نے پورے زخم کو بھردیا اور ہسپتال سے چھٹی دیدی گئی۔ صرف ڈیڑھ ماہ کے اندر مریض اپنے ہاتھ اور بازو کو ہلانا شروع ہوگیا اور اس کی تکلیف دور ہوگئی۔
جبکہ دوسرا تجربہ ایک 35 سالہ شخص پر کیا گیا جو بجلی سے جھلس گیا تھا اور اس کے لیے ڈاکٹروں نے آئی فون 5 کے رقبے پر 2 کروڑ 40 لاکھ کے قریب خلیات کی افزائش کی اور اسے جلے ہوئے زخموں پر اسپرے کیا۔ صرف چار دن بعد ہی بازو اور سینے پر جلد اگ ا?ئی اور گہرے ترین زخم بھی 20 دن بعد مکمل طور پر ٹھیک ہوگئے۔اب تک اسکن گن سے 60 مریضوں کا کامیاب علاج کیا جاچکا ہے۔ اب کمپنی نے امریکہ میں باقاعدہ علاج کے لیے ایف ڈی اے اسے اجازت طلب کرلی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں