اسلام آباد: جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی آمدہ انتخابات میں ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو پارلیمنٹ میں جا کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کریں ،سو سے زائد ہم خیال امیدواران کو کامیاب کروا کر پارلیمنٹ میں پہنچائیں تاکہ وہ کشمیر کی بات کریں ،کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کوشش کرے کہ وہ حق انتخاب جہاں کشمیری برائے راست ممبر منتخب کرسکتے ہیں وہ ہر قیمت پر اپنا ممبر منتخب کریں اور جہاں ان کے ووٹوں سے ممبر جیت سکتا ہے اس کے ساتھ کمٹمنٹ کریں کہ وہ مسئلہ کشمیر پر حمایت کرے گا ،مقبوضہ کشمیر میں مظالم نا قابل بیان حد تک بڑھ چکے ہیں ۔
انکا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے ایشو پر وہاں کا دورہ کیا ہے گورنر سمیت حکومت اور اپوزیشن ،علما،وکلاء ،صحافیوں او ر اہل دانش اور عوام سے جرگے کیے ہیں اور انہیں بتایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک نازک ترین مرحلے میں ہے اس وقت کوئی ایسا فیصلہ جس سے تحریک آزادی کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہوں اس سے اجتناب کیا جائے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی اور سیاسی حقوق دئیے جائیں آزادکشمیر اور حریت قیادت گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی اور سیاسی حقوق کے حق میں ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدرفہیم کیانی اور ان کے ساتھ آئے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے قائدین کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر برطانیہ کے راہنما چوہدری محمد شریف نے کہا کہ عبدالرشید ترابی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا حق ادا کیا ہے تحریک کشمیر برطانیہ ان کی سرپرستی میں اپنا کام آگے بڑھائے گی ہم جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے یہ تقریب سجائی ہے ۔