رانا ثناء اللہ نے بھی ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کر دیا

03:29 PM, 8 May, 2017

فیصل آباد: وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے بعد اب صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ نے بھی ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعوی کر دیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ  لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلم لیگ ن نے کامیابیاں حاصل کر لی ہیں۔ مخالفین عوام سے جھوٹ بولتے رہیں گے اور ہم ان کے الزامات کا جواب ترقیاتی کاموں سے دیتے رہیں گے۔

صوبا ئی وزیر قانون راناثناء اللہ نے جوش خطابت میں آ کر عمران خان کو پاگل خان، شیخ رشید کو راولپنڈی کا شیطان اور علامہ طاہر القادری کو مکار مولوی کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ 2018 میں بھی عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

حکمرانوں کے دعوے اپنی جگہ لیکن لوڈ شیڈنگ کا جن ابھی بھی حکومت کے قابو سے باہر ہے عوام اس انتظار میں ہے کہ ان کو لوڈ شیڈنگ کی اذیت سے کب نجات ملے گی۔

ادھر وزارت پانی و بجلی کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 9 سو 40 میگا واٹ ہے۔ بجلی کی طلب 19 ہزار 900 میگا واٹ اور پیداوار 14 ہزار 960 میگا واٹ ہے۔

دوسری جانب غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ ہے جبکہ مختلف علاقوں میں شہری 14 گھنٹے سے 16 گهنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ جھیلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں