پشاور میں دہشتگرد سرگرم،ایک گھنٹے کے دوران2بم دھماکے

02:10 PM, 8 May, 2017

نیوویب ڈیسک

پشاور :خیبر پختوانخواہ میں دہشتگرد پھر متحرک ہوگئے۔  پشاور شہر میں صرف ایک گھنٹے کے دوران سرکاری سکول اور سی ٹی ڈی وین پر 2بم حملوں میں 4اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ایک بم کو بی ڈی یو نے نکارہ بنا دیا۔ پشاور کے نواحی علاقے ارمڑ میں واقع پرائمری سکول باغبانان کے باہر نصب بم علی الصبح زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے سے سکول کے گیٹ کو نقصان پہنچا تاہم سکول بند ہونے کے باعث جانی نقصان نہیں ہوا ۔

واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری پہنچ گئی اور جائے وقوعہ پرنصب دوسرے بم کو ناکارہ بنا دیا ،دوسرے حملے میں سکول دھماکے کے شواہد اکھٹے کرکے واپس جانے والے سی ٹی ڈی وین کو خٹکو پل کے قریب سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا ۔

دھماکے سے وین کو جزوی نقصان پہنچا جس میں سوار 4اہلکار زخمی ہوگئے،دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے لیڈ ی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ،ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

مزیدخبریں