چمن واقعے میں 2 افغان فوجی شہید اور 7 زخمی ہوئے: عمر زاخیل وال

چمن واقعے میں 2 افغان فوجی شہید اور 7 زخمی ہوئے: عمر زاخیل وال

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیل وال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا آج کے تمام پاکستانی اخبارات کی سرخیاں یہ کہہ رہی ہیں کہ چمن واقعے میں پاکستان نے 50 افغان فوجیوں کو ہلاک اور 100 کو زخمی کیا اور یہ معلومات صرف پاک فوج اور ایف سی (سدرن کمانڈ) کی جانب سے فراہم کی گئیں لیکن سچ تو یہ ہے کہ صرف 2 افغان فوجی شہید اور تقریباً 7 زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ 2 جانیں ہوں یا زیادہ لیکن نقصان اتنا ہی ہے اگر بہتر دوستانہ تعلقات کا دعویٰ سچائی پر مبنی ہو اور اگر ہم ایک دوسرے کے لیے اچھا سوچتے ہوں۔ چمن واقعے میں پاکستان کی طرف بھی ہلاکتیں اور لوگ زخمی ہوئے لیکن ہم اس پر جشن منانے کے بجائے اس کی مذمت کرتے ہیں۔

گزشتہ روز آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے کہا تھا پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا جس کے نتیجے میں 50 افغان فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

واضح رہے 5 مئی کو بلوچستان کے علاقے چمن میں مردم شماری ٹیم اور ان کو تحفظ فراہم کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں پر افغان بارڈر فورسز نے فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں