عمران خان چور مچائے شور کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں: دانیال عزیز

11:43 AM, 8 May, 2017

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان پر خوب گرجے برسے۔ کہتے ہیں پی ٹی آئی والے آج پھر الیکشن کمیشن میں معاملات سے بھاگے ہیں جبکہ آئین میں ہے کہ فارن فنڈنگ کرنے والی جماعت کی سیاسی حیثیت ختم کر دی جائیگی۔ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی اور سپریم کورٹ میں تسلیم بھی کیا ہے تاہم پی ٹی آئی کے وکیل نے آج پھر جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا بیرونی فنڈنگ سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور عمران خان الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ اور منی ٹریل دینے میں ناکام رہے۔ جسٹس افتخار کے دور میں بھی عمران خان نے معافی مانگی تھی۔ دانیال عزیز نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد پر حملہ اور زرداری حکومت کو ہٹانے کیلئے بھی فنڈنگ لی ہے۔ پی ٹی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ کے لیے کمپنیاں بنائی ہیں اور اب عمران خان چور مچائے شور کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے۔

واضح رہے الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ اور عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے دائرہ سماعت کو چیلنج کیا تھا جس پر آج الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کا مکمل اختیار ہے۔

چیف الیکشن کمیشنر نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت الگ کریں گے اس کے بعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ اور عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیسز کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں