چمن: چمن میں پاک افغان بارڈر پر کشیدگی برقرار اور سیکورٹی بدستور ہائی الرٹ ہے۔ باب دوستی آج چوتھے روز بھی آمدورفت اور ہر قسم کی تجارت کے لیے بھی بند ہے۔ کشیدگی کے باعث بند کیے تعلیمی ادارے کھل گئے تاہم حاضری انتہائی کم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلی جہانگیر، کلی لقمان اور دیگر متاثرہ علاقوں سے ہزاروں خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں۔
متاثر خاندانوں کو خیمہ بستیوں اور دیگر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ بے گھر ہونے والوں میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات میں سرحدی حدود کے تعین کے لیے ارضیاتی سروے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے ہی شہر چمن کے سرحدی علاقوں کلی لقمان اور کلی جہانگیر میں افغان فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہو گئے تھے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں