نیودہلی : بھارت کے بگ تھری کے خاتمے کی ووٹنگ کے بعد دماغ ٹھکانے لگتا جارہاہے ۔پہلے بائیکاٹ کی دھمکیوں کے بعد بھارت نے یکم جون سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بھارتی ٹیم کا اعلان پیر کو کیا جائے گا،جن کا پہلا چیمپئنز ٹرافی میچ 4 جون کوبرمنگھم میں پاکستان کے خلاف ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کا فیصلہ اتوار کو دہلی میں ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گيا ہے کہ آئی سی سی کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیےبھارتی کی ٹیم کا اعلان کر دیا جائے گا۔
اتوار کودہلی میں بھارتی بورڈ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی جبکہ ایونٹ کے لئے ٹیم کا انتخاب پیر کو کیا جا ئے گا۔ اس کے ساتھ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ آئی سی سی کو نوٹس نہیں بھیجا جائے گا جبکہ مالی معاملے پر بات چیت کے لئے دو نمائندے جائیں گے۔
بی سی سی آئی کے ایک سینيئر اہلکار نے میڈیاکو بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت تمام لوگوں کا متفقہ فیصلہ تھا۔ ہم لوگ اس معاملے میں کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کریں گے۔ امیتابھ چودھری اور سی ای او راہول جوہری مالی معاملات پر آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔