جرمنی :مزدور تنظیموں کا ملک گیر ہڑتالوں کا اعلان، ایئرپورٹس اور ٹرانسپورٹ نظام متاثر

جرمنی :مزدور تنظیموں کا ملک گیر ہڑتالوں کا اعلان، ایئرپورٹس اور ٹرانسپورٹ نظام متاثر

فرینکفرٹ: جرمنی میں مزدور تنظیموں نے تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر ملک بھر میں ہڑتالوں کا اعلان کر دیا، جس سے ایئرپورٹس، ٹرین، بس سروس، اسپتال، سوئمنگ پولز اور دیگر شعبے متاثر ہوں گے۔

پچھلے کئی ہفتوں سے مختلف شہروں میں ہڑتالوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے ہفتے انڈر گراؤنڈ ٹرین اور بسوں کے ورکرز نے دو روزہ ہڑتال کی تھی، جبکہ اب مزدوروں کی مرکزی تنظیم "ویر ڈی" نے تنخواہوں میں 8 فیصد یا کم از کم 350 یورو ماہانہ اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔


جرمنی کے بڑے انٹرنیشنل ایئرپورٹس، جن میں فرینکفرٹ، میونخ اور برلن شامل ہیں، کے نمائندہ مزدور یونینز نے پیر سے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 2,000 پروازیں منسوخ ہو جائیں گی۔ڈیڑھ لاکھ کے قریب مسافر سفر سے محروم رہیں گے۔

جرمنی میں حالیہ انتخابات میں ایس پی ڈی (SPD) کے اقتدار سے باہر ہونے اور سی ڈی یو (CDU) اور اتحادی جماعتوں کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ ملک گیر ہڑتالیں نئی حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہیں۔

ہڑتالوں کے نتیجے میں شہریوں کو سفری مشکلات، اسپتالوں میں سروسز کی معطلی اور دیگر اہم سہولیات کی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ حکومت اور مزدور تنظیموں کے درمیان مذاکرات کی کوششیں بھی جاری ہیں۔