اسلام آباد: پاکستان کے دیرینہ دوست اور اقتصادی شراکت دار چین نے پاکستان کے ذمے واجب الادا 2 ارب ڈالر کے قرض کی واپسی کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، چین کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کے معاشی استحکام اور بحالی کے لیے کیا گیا ہے۔ مذکورہ قرض کی واپسی کی مدت 24 مارچ کو مکمل ہو رہی تھی، تاہم اب اس میں مزید ایک سال کی مہلت دے دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ چین کی اس مالی معاونت سے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی اور معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی اقتصادی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے، اور یہ اقدام دونوں ممالک کے مضبوط اقتصادی تعلقات کا مظہر ہے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرنے اور مالی مشکلات پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ چین کی جانب سے مسلسل مالی تعاون پاکستان کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتا ہے۔