اسلام آباد :سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے مالیاتی نظام کی سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے وی پی این (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) پر مبنی رسائی سسٹم کا آغاز کر دیا ہے، جو 30 مئی سے مکمل طور پر فعال ہوگا۔ اس نئے سسٹم کے تحت سٹیٹ بینک کے زیر انتظام پورٹلز تک رسائی صرف وی پی این کے ذریعے کی جا سکے گی۔
سٹیٹ بینک نے اپنے سرکلر میں بتایا کہ اس اقدام کا مقصد سکیورٹی کے معیارات کو بہتر بنانا ہے تاکہ مالیاتی اداروں کے درمیان معلومات کی منتقلی محفوظ اور محفوظ تر ہو۔ اس کے علاوہ،سٹیٹ بینک نے ریگولیٹڈ اداروں کے ساتھ اپنے تعامل کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں تاکہ ریگولیٹری فیصلوں کی ترسیل میں شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہو سکے۔سٹیٹ بینک نے آر ایز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ایم ایف اے اکاؤنٹس بروقت حاصل کریں تاکہ وی پی این کے ذریعے سسٹم تک رسائی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ اس کے علاوہ، ایک سروس ڈیسک سسٹم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ آر ایز کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے اور سیکیورٹی کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جا سکیں۔
اس اقدام سے سٹیٹ بینک نے سکیورٹی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔