پاکستان سمیت پوری دنیا میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

10:32 AM, 8 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان سمیت پوری دنیا میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ جس کا بنیادی مقصد نہ صرف خواتین کو ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی دینا ہے بلکہ ان کی معاشرتی اہمیت کو بھی اجاگر کرنا ہے۔

اس دن کو منائے جانے کا مقصد خواتین کی معاشی، سماجی، جدوجہد اورکاوشوں کو سراہنا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ریڈیو، ٹیلی ویژن اور ذرائع ابلاغ سے خصوصی پروگرام، تبصرے اور تجزئیے نشر اور شائع ہونگے۔

دن کی مناسبت سے وفاقی دارلحکومت سمیت ملک بھر میں سیمینار، ورکشاپس اور مذاکرے منعقد ہونگے جس میں خواتین کے حقوق کے حوالہ سے مختلف امور کا جائزہ لیا جائیگا۔ خواتین کی مسلسل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں 1910 میں کوپن ہیگن میں خواتین کی پہلی عالمی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں 17 سے زائد ممالک کی سو کے قریب خواتین نے شرکت کی۔ اس کانفرنس میں عورتوں پر ہونے والے ظلم و استحصال کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ نے 1956 میں 8 مارچ کو عورتوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ اس دن کے موقع پر دنیا بھر میں کانفرنسوں اور ورکشاپس کا انعقاد ہو گا جن میں خواتین کو مساوی حقوق دینے کا اعادہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2018 سے لے کر اب تک پاکستان مین حقوق نسواں کیلئے مارچ کیا جاتا ہے، عورت مارچ کے نام سے یہ احتجاجی مارچ  ہر سال کی طرح اس سال بھی لاہور اسلام آباد، کراچی سمیت حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا ۔ 

مزیدخبریں