راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کپتان بابراعظم کی ناقابل شکست سنچری اور صائم ایوب کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 241 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔
پنڈی کلب گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کپتان بابراعظم اور صائم ایوب حریف باؤلرز پر قہر بن کر ٹوٹے اور چھکے چوکوں کی برسات کر ڈالی۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 65 گیندوں پر 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ صائم ایوب نے انتہائی شاندار اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 5 فلک شگاف چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ روومین پاول نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 57 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ واحد وکٹ ڈوین پریٹوریس نے حاصل کی۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت محمد نواز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، جیسن روئے، ویل سمیڈ، افتخار احمد، محمد حفیظ، عمر اکمل، ڈوین پریٹوریس، محمد حسنین، نسیم شاہ اور ایمل خان شامل ہیں۔
پشاور زلمی کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، حسیب اللہ خان، عامر جمال، وہاب ریاض، مجیب الرحمن، عظمت اللہ عمرزئی اور ارشد اقبال شامل ہیں۔