لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن کو توسیع دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس ضمن میں پہلی پرواز رواں مہینے کے آخر میں روانہ ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے سعودی عرب کے ایک اور شہر القسیم کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے قومی ایئرلائن کی جانب سے القسیم شہر کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سے القسیم شہر کیلئے پہلی پرواز 29 مارچ کو روانہ ہو گی۔
ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) لاہور اور القسیم کے درمیان ہفتے میں 2 پروازیں چلائے گی جو منگل اور بدھ کو اڑان بھریں گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی شہر القسیم کیلئے پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کیلئے پی آئی اے انتظامیہ سے درخواست کی تھی۔