لاہور : عمران خان کے وکلا کی انتہائی کوششوں کے باوجود لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی کوئی بھی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر نہ ہوسکی۔
ایڈیشنل رجسٹرار کا کہنا تھا عدالتی وقت ختم ہونے پر درخواستیں سماعت کیلئےمقرر نہیں ہوئیں ۔ جج صاحب کہتے ہیں گھر بیٹھے شخص کو بیل نہیں دے سکتے۔ پہلے عمران خان کو لے کر لاہور ہائیکورٹ پہنچیں ،پھر درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کریں گے ۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ راستے بند ہیں، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہے ۔ ہمارے سیکیورٹی والی درخواست ہی سماعت کےلیے مقرر کردی جائے ۔ عمران خان3 دن سے آنا چاہتے ہیں لیکن سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی ۔
ایڈیشنل رجسٹرار نے کہا کہ کل آجائیں کل درخواست سماعت کےلیے لگا دیتے ہیں ۔ وکیل نے استدعا کی کہ دفعہ144کے نفاذ کیخلاف پٹیشن کو آج ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے ۔ زمان پارک کو چاروں اطراف سے پولیس نے گھیر رکھا ہے۔
ایڈیشنل رجسٹرار نے کہا کہ پہلے بھی آپ نے درخواست مقرر کرواکر عمران خان کو پیش نہیں کیا تھا۔ تمام ججز گھر جا چکے ہیں آپ کی درخواستوں کیلئےججز واپس آئیں گے ۔ حفاظتی ضمانت کا اصول ہے کہ ملزم پہلے عدالت میں موجود ہو ۔