لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی ریلی سے پہلے ہی پولیس اور کارکنوں میں میچ پڑ گیا۔زمان پارک جانے والے راستے بند کردیے گئے ۔ پولیس کی پی ٹی آئی کارکنوں سے مال روڈ اور کینال روڈ پر جھڑپیں جاری ہیں۔ منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ ڈنڈے برسا کر گاڑیوں کے شیشے چکنا چور کردیے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے لاہور میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ۔جلسے ، جلوس ، احتجاج ، مظاہروں اور ریلیوں پر سات روز کے لیے پابندی لگادی گئی۔
نیو نیوز کے مطابق لاہور میں پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو حراست میں لینا شروع کر دیا۔ لاہور پولیس کی جانب سے زمان پارک جانے والے راستوں کو بند کر دیا گیا ہے اور کینال روڈ سے پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔
پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے قریب پہنچا دی گئی ہے۔ کارکنان کی طرف سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے تحریک انصاف نے آج لاہور میں ’آئین اور عدلیہ‘ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
لاہور میں جلسے، جلوسوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ زمان پارک لاہور میں ہونے والے پارٹی اجلاس میں ریلی کے روٹ اور ریلی نکالنے پر مشاورت کی جائے گی۔