واشنگٹن:امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکہ روس یوکرین جنگ میں شامل نہیں ہو رہا اور نہ ہی اپنے فوج روس کیخلاف یوکرین بھیج رہا ہے ۔
واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے، امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کا شرو ع سے ہی واضح موقف رہا ہے کہ امریکا روس کے ساتھ براہ راست کسی تنازع میں نہیں الجھے گا۔
ادھر ،یوکرین نے امریکی سربراہی میں قائم اتحاد پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کی فضائی حدود میں پروازوں پر پابندی عائد کرے کیونکہ یوکرین کے شہریوں کو روس کی گولہ باری سے بچانے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے دوسری جانب امریکہ اور یورپی ممالک نے رو س سے تیل درآمد پر پابندی لگانے پر غور شروع کر دیا ،روس کی طرف جاری مسلسل بمباری کے بعد یورپی ممالک کا یہ بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی یوکرین میں بمباری کا سلسلہ جاری ہے، خارکیف سمیت مختلف شہروں سے تباہی کے مناظر سامنے آرہے ہیں، امریکا اور یورپی ممالک، روس سے تیل درآمدات پر پابندی لگانے پر غور کررہے ہیں۔
دوسری جانب روس نے خبردار کیا ہے کہ پابندیوں کی صورت میں وہ یورپ کو قدرتی گیس کی فراہمی روک دے گا،دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر روس نے یورپی ممالک کو گیس کی سپلائی بند کردی تو اس سے پورے یورپ میں معاشی بحران پیدا ہو جائے گا جس سے صورتحال مزید بگڑ جائے گی ۔
روسی نائب وزیر اعظم کا کہنا ہے، اگر روسی تیل پر پابندی لگائی گئی تو فی بیرل تیل کی قیمت 300 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔