اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا یہ میچ ہونا ہی ہونا ہے ،اپوزیشن نے جوکٹی کٹا نکالنا ہے نکال لے ،وزیر اعظم نے اپنے کارڈ چھاتی سے لگا رکھے ہیں ۔
وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد سامنے آنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے جو کٹی کٹا نکالنا ہے نکال لے ،وزیر اعظم نے بھی اپنے کارڈ چھاتی سے لگا رکھے ہیں ،شیخ رشید نے کہا پنڈی والا ہوں اور مجھے پنڈی والوں پر بھروسہ ہے ،امپائر نیوٹرل ہے اس نے پاکستان اور اس کے حالات کو دیکھنا ہے۔
شیخ رشید نے کہا اسپیکر 14دن کے اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں ،جو کچھ ہورہا ہے وہ ملک کی بدنامی کا باعث ہے،وزیر داخلہ کا کہنا تھا میں مرکز کا آدمی ہوں اور مرکز کی سیاست کرتا ہوں،ان کے بندے اگر کہیں چلے گئے تو انہوں نے کہنا ہے بندے اٹھا لیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر آئین کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی 14دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں ،فاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اسپیکر 22 مارچ تک اجلاس بلانے کے پابند ہیں، صدر اجلاس نہ بلانا چاہے تو کوئی مجبور نہیں کرسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پُراعتماد ہیں، اپنے کارڈ چھاتی سے لگائے ہوئے ہیں، 172 افراد اپوزیشن کو لانے ہیں اور اس کے لیے 24 دن پڑے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ناراض اراکین کو وزیر اعظم ہائوس بلا لیا ہے جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پہلے سے موجود ہیں ،وزیراعظم ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی کے تحفظات سنیں گے اور انہیں دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک بھی شریک ہوں گے، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔