اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی مشترکہ پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے آج ساڑھے 3 بجے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب ان تینوں رہنماؤں کی پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں رہنماءاب ساڑھے 4 بجے پریس کانفرنس کریں گے جس دوران ملک کی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات کی جائے گی۔
دوسری جانب اپوزیشن نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے، اپوزیشن رہنماءمریم اورنگزیب، شازیہ مری، سعد رفیق، نوید قمر، رانا ثناءاللہ اور ایاز صادق تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کیلئے پہنچے جس پر 86 ارکان کے دستخط ہیں۔
اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین اور ایک اتحادی جماعت کی حمایت بھی موجود ہے جبکہ تحریک عدم اعتماد پر مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ارکان کے دستخط ہیں۔