کراچی: شہر قائد میں ناردرن بائی پاس کے قریب اینٹی نارکو ٹکس فورس نے کارروائی میں بھاری مقدار میں منشیات، اسمگل شدہ کپڑا اور چھالیہ برآمد کر لیا جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف سندھ کے ہمراہ کراچی کے علاقے گڈاپ میں ناردرن بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر بس کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 172 کلو سے زائد چرس، اور بڑی مقدار میں اسمگل شدہ کپڑا اور چھالیہ بھی برآمد کر لی۔کارروائی میں بلوچستان کے علاقے مستونگ اور قلع عبداللہ کے رہائشی دوملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔
دوسری جانب اسپیشل انسٹی گیشن پولیس نے بریگیڈ کےعلاقے سے دو ملزمان امجد اور ایان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کر لی، ایس ایس پی ایس آئی یو عارف عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق پانچ رکنی ڈکیت گروہ سے ہے جسکا ایک کارندہ گزشتہ دنوں سائٹ ایریا میں واردات کے بعد مقابلے میں مارا گیا جبکہ ملزم امجد فرار ہوگیا تھا، گروہ کے دیگر کارندوں کی تلاش بھی جاری ہے۔