زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن ساڑھے تین بجے مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے

02:47 PM, 8 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن آج ساڑھے تین بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق تینوں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے آج سہ پہر ساڑھے تین بجے شیڈول پریس کانفرنس مقامی ہوٹل میں ہو گی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات کی جائے گی۔ 
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف نے تحریک عدم اعتماد لانے کی باقاعدہ منظوری دی جس کے بعد اپوزیشن نے آج ہی تحریک جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران (ن) لیگی ارکان سے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر دستخط لئے گئے جبکہ شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے (ن) لیگی ارکان اسمبلی کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی۔ 
لیگی قیادت نے تمام ارکان کو ابتدائی طور پر اگلے 20 دن تک اسلام آباد میں قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے 3 ہفتے انتہائی اہم ہیں لہٰذا اسلام آباد سے غیرحاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں